(24 نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ن اور ش لیگ والا کام ہوگیا، شہباز شریف نے مفاہمت کی طرف بڑھنا ہے، شہباز شریف وہی پالیسی اپنا رہا ہے جو اس نے نواز شریف کو سعودیہ سے لانے کیلئے اپنائی۔ شہبازشریف کوشش کر رہے ہیں کہ نواز شریف کو ڈائریکٹ جیل نہ جانا پڑے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ یہ لوگ چوں چوں کا مربہ ہیں، اپوزیشن کیمروں کیلئے سیاست کر رہی ہے، شہباز شریف نے مفاہمت کی طرف بڑھنا ہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو سمجھ آ گئی ہے، یقین ہے آپ جیسی نالائق اپوزیشن میں عمران خان اگلے 5 سال بھی حکومت کریں گے۔کرپٹ لوگوں کو جیل کی ہوا کھلائی ہے لیکن عدالتی فیصلوں کی وجہ سے انہیں اندر نہیں کرسکے، میں نوازشریف کو لاسکتا ہوں نہ ہی الطاف حسین کو۔ خطے میں حالات تیزی سے بدلنے جا رہے ہیں، اس خطے میں 6 ماہ بہت اہم ہیں، پاکستان کیخلاف ہائبرڈ وار شروع کر دی گئی ہے، پاکستان کی سیاست میں ریجنل سیاست آنے والی ہے، عمران خان آپ کی سوچ سے بڑی سیاست کھیلیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کشمیریوں نے اپنی جانیں قربان کر دی ہیں، کل پورے ملک میں یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے، عمران خان کی حکومت کشمیر کی کھل کر حمایت کر رہی ہے۔پاکستان میں جتنی بھی دہشت گردی ہورہی ہے اس میں ہٹلر مودی کی ناپاک سوچیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نےعبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کردیا