(ویب ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ کیخلاف ریفرنس واپس لینے کی تصدیق کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس بھیجا تھا جو آج ہی واپس لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کو بھی ساتھ لگا کر دوبارہ ریفرنس بھیجیں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جس طرح فیصلہ تبدیل کیا یہ بہت بڑا جرم ہے، الیکشن کمیشن نے میڈیا کو اور فیصلہ دیا بعد میں اور فیصلہ جاری کیا، اس فیصلے کو ساتھ لگا کر دوبارہ ریفرنس فائل کریں گے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس ابھی نہ تو فائل ہوا اور نہ ہی واپس لیا گیا ہے، ریفرنس کی تیاری جاری ہے جس کیلئے دستاویز ی مواد اکھٹا کیا جارہا ہے، فیک نیوز لیکس پر کان نہ دھریں۔
واضح رہے کہ ا ٓج پیش کیے گئے ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر جان بوجھ کر بدانتظامی کر رہے ہیں اور اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا نہیں کر رہے اس لیے انہیں ان کے عہدے سے ہٹایا جائے۔ریفرنس میں حکمراں اتحاد کی چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔