توشہ خانہ کیس، سپریم کورٹ نے عمران خان کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا

Aug 04, 2023 | 11:00:AM
توشہ خانہ کیس، سپریم کورٹ نے عمران خان کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(امانت گشکوری) سابق وزیر اعظم اور چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس پر سپریم کورٹ نے متعلقہ اپیلیں نمٹا دیں ۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ٹرائل کورٹ ہائیکورٹ کے حتمی فیصلے تک توشہ خانہ کیس کا فیصلہ نہیں کر سکتی، دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے متعدد درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج متوقع ہے۔

 بینچ کے سربراہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ اس عدالت سے کیا چاہتے ہیں جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ فی الحال ہم اس عدالت سے فیصلہ نہیں چاہتے، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے پر ہمیں اس کیس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ درکار نہیں ہے۔

سپریم کورٹ نے دونوں فریقین سے پوچھا کہ کیا اس کیس کو نمٹا دیا جائے جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث نے آمادگی کا اظہار کیا۔

الیکشن کمیشن کے وکیل کی جانب سے کیس کو خارج کرنے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے منظور نہیں کیا جبکہ خواجہ حارث نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں آج جو بیان ریکارڈ ہونے ہیں انہیں بھی روک دیا جائے جس پر عدالت نے کہا وہ فی الحال اس کیس میں کوئی حکمنامہ جاری نہیں کرنا چاہتے، جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا تھا جب اپنے وقت پر اپیلیں اس کیس میں آئیں گی تو اس وقت اس معاملے کو دیکھا جائے گا جس کے بعد عدالت نے توشہ خانہ کیس سے متعلق اپیلوں کو نمٹا دیا۔

ضرور پڑھیں:عمران خان 5 سال کیلئے نا اہل؟

یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی اپیل دائر کر رکھی ہے جبکہ توشہ خانہ کیس کی سماعت سیشن عدالت میں بھی زیر سماعت ہے، اس سے قبل سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کی سماعت کرنے والا بینچ تبدیل کردیا تھا، جسٹس مظاہر علی نقوی کی جگہ جسٹس حسن اظہر رضوی کو بینچ میں شامل کیا گیا ، سپریم کورٹ نے بینچ تبدیلی کے بعد نئی کاز لسٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3رکنی خصوصی بینچ 11 بجے کیس کی سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس مظاہر علی نقوی، جسٹس یحییٰ آفریدی  کے ساتھ جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں :توشہ خانہ کیس، عمران خان نے تحائف لسٹ کو تسلیم کر لیا