’’پاکستانی ڈیجیٹل ایپس 4 ارب بار ڈاؤن لوڈ‘‘

Aug 04, 2023 | 15:30:PM
ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے مطابق پاکستان میں تیار کردہ ڈیجیٹل ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرنے کے لحاظ سے پاکستان 2023 میں 16ویں نمبر پر آگیا ہے۔
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے مطابق پاکستان میں تیار کردہ ڈیجیٹل ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرنے کے لحاظ سے پاکستان 2023 میں 16ویں نمبر پر آگیا ہے۔

اس سے قبل 2018 میں پاکستان 27ویں نمبر پر تھا، رواں سال پاکستان میں تیار کردہ ڈیجیٹل ایپ کو دنیا بھر میں 4 ارب بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا ہے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق معروف سرمایہ کار عارف حبیب کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 2 فیصد اضافے کے ساتھ ایک ارب 30 کروڑ ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں۔

ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے مطابق 2022 میں 24 پاکستانی ڈیولپرز کی 65 گیمنگ ایپس، پلے اسٹور اور ایپ اسٹور کی ٹاپ 10 کی فہرست تک پہنچ گئی ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ 2022 میں پاکستان میں تیار کردہ ایپس کو دنیا بھر میں حیران کن طور پر 4 ارب بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا، یعنی 2018 سے 2020 تک پاکستان کی ایپ ڈاؤن لوڈ کی تعداد میں ہر سال 30 فیصد اضافہ ہوا۔

گوگل کا کہنا ہے کہ حال ہی میں پاکستان کے شہر لاہور میں پہلی اور سب سے بڑی آف لائن ایپ اور گیمز سے متعلق ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں 500 سے زائد ڈویلپرز اور انڈسٹری لیڈرز نے شرکت کی تاکہ پاکستانی ایپس اور گیمز کو عالمی سطح پر بڑھانے کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکیں۔

گوگل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی اسٹوڈیوز اور ڈیولپرز کی مدد کے لیے ڈیجیٹل مواقع پیدا کرنے کے لیے گوگل تھنک ایپس کے ذریعے پاکستان میں ایپس انڈسٹری کے لیے اپنی حمایت کو بڑھا رہا ہے۔

گزشتہ سال نامور امریکی ٹیکنالوجی کمپنی نے پاکستان میں ’تھنک گیمز‘ اور ’گیمنگ گروتھ لیبُ کے نام سے تقریبات منعقد کی تھیں، ان ایونٹس نے گیمنگ انڈسٹری پر توجہ مرکوز کی تھی۔

اب رواں سال انہوں نے ’تھنک ایپس‘ کے نام سے ایک ایسا ہی ایونٹ منعقد کیا ہے جس کا مقصد پاکستان میں ڈیجیٹل ایپ کی ترقی کو فروغ دینا اور اس کی حمایت کرنا تھا۔

ان ایونٹس کے ذریعے گوگل نے ایک ہزار 600 سے زیادہ ڈویلپرز کے ساتھ کام کیا اور عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے ابتدائی مرحلے کے 50 گیمنگ اسٹوڈیوز کی تربیت کی،

بیان میں کہا گیا کہ ٹیکنالوجی کمپنی نے 5 ہزار سے زائد کلاؤڈ ڈویلپرز اور 3 ہزار سے زائد اینڈرائیڈ ڈویلپرز کی مدد کی ہے۔

پاکستان میں گوگل کے ڈائریکٹر فرحان ایس قریشی نے کہا کہ ’عالمی ایپ اکانومی کے مستقبل کو تشکیل کے لیے پاکستان میں صلاحیت موجود ہے۔‘