(ویب ڈیسک)آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں قومی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے سیکیورٹی کیلئے پاکستانی وفد کے اگست کے آخری ہفتے میں بھارت جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سیکیورٹی گارنٹی ملنے پر ہی ٹیم کو بھارت بھیجے جانے پر اتفاق ہوا جبکہ سیکیورٹی کا معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت میں موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے بھارت میں سیکیورٹی پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا اور سیکیورٹی گارنٹی ملنے پر ہی ٹیم کو میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے بھیجنے کی اجازت دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جو سفارشات مرتب کرکے بھیجے گی، بعدازاں ٹیم کے بھارت جانے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگست کے آخری ہفتے میں پاکستان کا سیکیورٹی وفد میزبانی کے مقامات پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے بھارت کا دورہ کرےگا۔
دوسری جانب کمیٹی کا اہم اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کے علاوہ دیگر ارکان میں وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ، اعظم تارڑ، احسان مزاری، مریم اورنگزیب، اسعد محمود، امین الحق، قمر زمان کائرہ، طارق فاطمی شامل ہیں جبکہ حساس ایجنسیوں کے اعلیٰ عہدیدار بھی شریک تھے۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کی فی تولہ قیمت میں اضافہ،خریداروں کو بڑا جھٹکا لگ گیا
واضح رہے کہ ورلڈکپ میں شیڈول کی تبدیلی کے حوالے سے بھی باز گشت سنائی دے رہی ہے تاہم حتمی فیصلہ اب تک نہیں ہوسکا ہے، پاکستان اور بھارت کا میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونا تھا، جس کے اب ایک روز قبل یعنی 14 تاریخ کو انعقاد کا امکان بڑھ گیا اسی طرح پاکستان اور نیدلینڈز کے درمیان میچ 6 اکتوبر کو ہی حیدر آباد میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ سری لنکا کے ساتھ جو پہلے 12 اکتوبر کو کھیلنا تھا اس کو دو دن پہلے کردیا گیا ہے، یہ میچ اب 10 اکتوبر کو ہوگا۔شیڈول کے حوالے سے آئی سی سی یا بھارتی کرکٹ بورڈ نے کوئی تصدیق نہیں کی ۔