موسلادھار بارشوں سے سیلاب کا خطرہ ،محکمہ موسمیات نے ہائی الرٹ جاری کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اقصیٰ ساجد، آئمہ خان، قادر شاہ,فیاض جعفری )مون سون کا دھواں دار اسپیل جاری، محکمہ موسمیات نے پنجاب اور سندھ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی، جس سے سیلاب کا خطرہ لاحق ہوگیا جبکہ انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جامشور، میرپورخاص اور نوشہروفیروز سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں رات سے موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جس سے فضلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے.
جامشورو میں کوہستانی علاقے میں بارش نے تباہی مچادی، مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، برساتی پانی گھروں میں داخل ہوگیا، متعدد بھیڑ بکریاں برساتی پانی میں بہہ گئیں، کئی دیہات کا جامشورو سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا۔
اس کے علاوہ میرپورخاص، نوشہرو فیروز، بھٹ شاہ، نیو سعیدآباد، مٹیاری، ہالا اور میٹاری سمیت مختلف علاقوں میں رات گئے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،کشمور میں بھی بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، خیرپور ناتھن شاہ میں بھی بارش کا بعد ممکنہ سیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا ، ضلعی انتظامیہ نے ریڈ الرٹ جاری کردیا۔
بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ اہم شاہرائیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، بارش کے باعث کئی فیڈرز ٹرپ کرگئے، جس کے باعث کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش میں طلبا کا سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا اعلان
مسلسل بارش سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ادھر بلوچستان کے ضلع قلات میں موسلادھار برسات کے باعث زاوہ ندی میں طغیانی آگئی جبکہ مغلزئی کے مقام پر برساتی نالے میں شگاف پڑنے کا خدشہ ہے, انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا.
آزاد کشمیر میں بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، ضلع مظفر آباد، نیلم، جہلم ویلی، حویلی، باغ اور پونچھ میں بارش سے دریا نیلم میں پانی کا بہاؤ تیز ہوگیا۔
مظفرآباد روڈ دولائی کے مقام سے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہے جس کی وجہ سے سیاحوں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مذاکرات کی گونج ،پیشرفت کا طریقہ کار کیا ہے؟ ایسے راز عیاں ہوگئے جو کسی کو نہ معلوم ہوں گے
محکمہ موسمیات نے آج پھر لاہوریوں کو بار ش کی پیشگوئی کردی ، محکمے کے مطابق شہر لاہور کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے، موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے۔
ماہرین کی جانب سے شہریوں کو بارشی موسم میں احتیاط کی تلقین کی گئی ہے، شہرمیں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح140ریکارڈکی گئیعالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور پانچویں نمبر پر آگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی موسلادھاربارش متوقع ہے جبکہ تیز ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا،جنوب مغربی سمت سے11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے،موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈہے،زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،ہوا میں نمی کا تناسب85 فیصد ہے۔
ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار بہتر ہے،دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی ساتویں نمبر پر آگیا جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی پانچویں نمبر پر موجود ہے۔