(24 نیوز) معروف اداکار بلال عباس کے نئے ڈرامے "من جوگی" کی پہلی ہی قسط نے سامعین کے دلوں کو جیت لیا۔
سلطانہ صدیقی کا شمار ان چند پروڈیوسرز میں ہوتا ہے جن کا انتخاب ایک ایسا ڈرامہ ہوتا ہے جس کی کہانی سب سے مختلف ہو اور جو سامعین کو اپنا گرویدہ بنا لے، "من جوگی" سے سلطانہ صدیقی نے اپنے پروڈیوسر کیرئیر میں واپسی کی ہے، انھیں ہم ٹی وی کی والدہ مانا جاتا ہے، اس کے علاوہ انھوں نے بہت سے پاکستانی ڈراماز میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں ذرا سی عورت، ماروی اور ’زندگی گلزار ہے‘ خاص اہمیت کے حامل ہیں، اب کی بار وہ ایک نئی سیریز لے کر آئی ہیں جس کا نام ’من جوگی ہے‘ جس کی ہدایت کاری کاشف نثار نے کی ہے جبکہ اسے ظفر معراج نے قلم بند کیا ہے، ڈرامے کی کاسٹ میں بلال عباس خان، سبینہ فاروق، گوہر رشید، عاصمہ عباس، ٹیپو شریف اور دیگر شامل ہیں، من جوگی کی پہلی قسط کو ہفتہ کی رات کو نشر کیا گیا ہے جو کہ اپنی مثال آپ تھی۔
من جوگی حلالہ کے حوالے سے ایک منظر کے ساتھ کھلتا ہے کہ کس طرح اس اجازت کو لوگ غلط طریقے سے استعمال کرتے ہیں، اس کا استعمال اپنی مرضی سے اپنے مفاد کے لیے کرتے ہیں، بلال عباس خان ابراہیم کا کردار ادا کر رہے ہیں جنہیں قربانی کے بکرے کے طور پر چنا گیا ہے، سبینہ فاروق نے عالیہ کا کردار ادا کیا ہے اور گوہر رشید نے شبیر کا کردار ادا کیا ہے، شبیر کو ایک ایسےانسان کے طور پر پیش کیا گیاہے جس کے پیچھے سیاسی طاقتوں کا ہاتھ ہے اور وہ عالیہ پر ظلم و ستم کی انتہا کرنے والا ہے، ابراہیم ایک خدا ترس اور اچھا انسان ہے اور وہ عالیہ کو اس ناسور سے بچانے والا ہے، پہلی ہی قسط اپنی منفرد کہانی اور حیرت انگیز اداکاری کی بدولت سامعین کی زینت بن گئی ہے، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس ڈرامے کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
بلال عباس کی اداکاری نے کردار میں جان ڈال دی ہے جس کی بدولت سامعین نے انھیں خوب داد دی ہے۔
حال ہی میں وہ اپنے کردار شاہ میر سکندر کی وجہ سے بہت مقبول و معروف ہوئے ہیں، ان کا ڈرامہ عشق مرشد 2023 کے بیسٹ ڈراماز میں اول درجے پر فائز رہا اور اب بھی ایسا محسوس کیا جارہا ہے کہ اس بار بھی ایسا کچھ دیکھنے کو ملے گا، ان کے نئے ڈرامے کو لے کرشائقین نے دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔