(احمد منصور)یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے پولیس کے بہادر اہلکاروں کی قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی بے مثال جرأت و بہادری ،غیر متزلزل جذبہ اور بے لوث قربانیاں ہمیشہ جاری رکھی جائیں گی،قوم کی حفاظت کیلئے اپنا خون پسینہ بہانے والے ہیروز کو افواج پاکستان کے افسر اور جوان سلام پیش کرتے ہیں۔آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ بے لوث خدمت اور جذبے کی بدولت ہمارے ہیروز نے قوم کا تحفظ یقینی بنایا،جان کا عظیم نذرانہ پیش کرنے والے ہیروز کی یاد ہمیشہ مشعل راہ کا کام کرتی رہے گی۔ہم پولیس شہداء کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ان کے لواحقین کی ہر ممکن مدد و اعانت کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر میں یوم شہدائے پولیس کے موقع پر اظہار یکجہتی کیلئے فوجی افسروں اور جوانوں نے مقامی سطح پر پولیس کی جانب سے منعقد کی جانے والی تقریبات میں حصہ لیا،یوم شہدائے پولیس ملک کے امن،ترقی اور سلامتی کیلئے عظیم قربانیاں دینے والے پولیس اہلکاروں کی دلکش یاد دلاتا ہے، آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ افواج پاکستان مادر وطن کے دفاع کیلئے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔ افواج پاکستان وعدہ کرتی ہیں کہ وہ شہداء کے مشن کو پورے جذبے، لگن اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ لے کر آگے بڑھتی رہیں گی۔