(24نیوز)ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3 ہزار 262 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس مہلک وائرس نے مزید 55 افراد کی جانیں لے لیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وبا کے مریضوں میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 44 ہزار 627 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 56 لاکھ 72 ہزار 166 ہوگئی ہے۔اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 10 ہزار 072 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں ایک لاکھ 79 ہزار 240، پنجاب میں ایک لاکھ 21 ہزار 753، خیبر پختونخوا میں 48 ہزار 264، اسلام آباد میں 31 ہزار 639، بلوچستان میں 17 ہزار 333، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 151 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 692 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 51 ہزار 507 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 395 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3 ہزار 354 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے جس کے بعد اس وبا کے خلاف جاری جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 50 ہزار 305 ہوگئی ہے۔