(24 نیوز) ہاکی کی عالمی تنظیم نے ورلڈ کپ کے لئے ٹیموں کے کوالیفائنگ طریقہ کار کی تصدیق کردی ہے۔نئے قوانین کے مطابق پاکستان کو جگہ بنانے کے لئے ایشیا کپ میں کم از کم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنا ضروری ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی ایچ کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ہاکی ورلڈ کپ میں ٹیموں کے لیےکوالیفائنگ روٹ کا فیصلہ ہوگیا ہے جس کے مطابق کسی کوالیفائنگ راؤنڈ کی بجائے براہ راست براعظمی ٹورنامنٹ کی درجہ بندی کی بنیاد پر ٹیمیں بھارت میں ہونے والے 2023 ہاکی ورلڈ کپ میں جگہ بنائیں گی۔ ایشیا سے میزبان بھارت سمیت 4 ٹیمیں ورلڈ کپ کھیلیں گی اور یورپ سے 7 ٹیمیں میگا ایونٹ میں جگہ بنائیں گی جبکہ براعظم آسٹریلیا اور جنوبی اور شمالی امریکا سے دو، دو اور افریقہ سے ایک ٹیم ورلڈ کپ کھیلے گی۔
یاد رہےکہ ایف آئی ایچ نے اس سے قبل جون میں فیصلہ کیا تھا کہ 11 ٹیمیں براعظمی درجہ بندی اور 5 ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ کھیل کر ورلڈ کپ میں جگہ بنائیں گی۔2018 کے ورلڈ کپ کے لئے ہر براعظم سے ایک ایک کانٹی نینٹل چیمپئن ٹیم نے ورلڈ کپ میں جگہ بنائی تھی، ایشیا کپ بھارت نے جیتا تھا جو اس وقت بھی میزبان تھا اس لیے اسکی جگہ ورلڈ ہاکی لیگ میں سے چین کو ورلڈ کپ میں جگہ دی گئی تھی۔دیگر 10 ٹیموں نے بھی کوالیفائنگ ایونٹ ہاکی ورلڈ لیگ کھیل کر ہی ورلڈ کپ میں جگہ بنائی تھی ۔
کوالیفائنگ طریقہ کار کےقوانین کے مطابق پاکستان کو جگہ بنانے کے لئے ایشیا کپ میں کم از کم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنا ضروری ہوگا۔اگر انڈیا سیمی فائنل تک نہیں آتا تو پاکستان کا ٹاپ تھری میں آنا ضروری ہوگا۔