(24نیوز)جعل ساز مافیا ہوشیار محکمہ ایکسائز نے ٹرانسفر فائلوں کو چیک کرنے کا فیصلہ کرلیاجس کے بعد اب جعلی فائلوں پر گاڑیاں ٹرانسفر نہیں ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز کی جانب سے جعلی فائلوں پر گاڑیوں کی ٹرانسفر کو روکنے اور چیکنگ کے لئے اہم فیصلہ سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سکین نہ ہونے والی لاکھوں گاڑیوں کی فائلیں سکین ہوں گی۔ ٹرانسفر گاڑیوں کی فائلوں کو بھی سکین کیا جائے گا۔
محکمہ ایکسائز میں 2010ء کے بعد فائلوں کی سکیننگ کا عمل شروع کیا گیا تھا۔ درمیان میں کافی عرصہ دستاویزات کی سکیننگ نہیں کی گئی۔ ڈائریکٹر موٹرز قمر الحسن نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرانی گاڑیوں کی فائلوں کی سکینگ سے جعل سازی روکنے میں مدد ملے گی۔ 2001 سے ابتک جن گاڑیوں کی فائلیں سکین نہیں ہوئی انہیں سکین کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو بھی مالک گاڑی کی ٹرانسفر کے لئے آئے گا، اس کی فائل چیکنگ کے بعد سکین ہوگی۔ سکینگ سے محکمہ کا ڈیٹا بیس مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔ سکینگ سے جعل ساز مافیا کی بھی چھٹی ہو جائے گی۔