(24 نیوز)خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان نے دنیا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دباؤ ڈال کر بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں معصوموں کو نابینا اور معذور کرنے سے روکے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کو معذوری کا ظالمانہ ذریعہ بننے سے روکے، پاکستان بھارتی قابض فورسز کی پیلٹ گنز اور بہیمانہ تشدد سے معذور ہونے والے شہریوں کے ساتھ ہے، اقوام متحدہ، عالمی میڈیا، سول سوسائٹی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی پر زور مذمت کی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ہیومن رائٹس کمشنر دفتر کی 2019ء کی رپورٹ نے چشم کشا انکشافات کئے جس کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے 2016ء کے وسط سے بذریعہ پیلٹ گنز 1253 افراد کی بینائی چھینی، رپورٹ جاری ہونے کے بعدمقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گنز سے بینائی چھننے کے واقعات بڑھے۔
زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ’’کشمیر میں بینائی سے محرومی: پیلٹ گنز کے اثرات‘‘ پر رپورٹ کا اجراء کیا ایمنسٹی انٹرنیشنل نے رپورٹ میں پیلٹ گنز سے متاثرہ کشمیریوں کی تصویر کشی کی، رپورٹ میں پیلٹ گنز سے نابینا ہونے والوں میں زیادہ تر بچوں اور خواتین کی تصاویر شامل کی گئیں۔