(24نیوز)بھارت میں بکری کے معمولی سے تنازعے نے ایک شخص کی جان لے لی، ڈنڈے اور چاقو لگنے سے متعدد افراد زخمی ہوکر اسپتال پہنچ گئے، پولیس نے چار افراد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق:بھارتی ریاست بہار کے ضلع کیمور میں ایک بکری کا تنازعہ موت کی وجہ بن گیا، دو گروپوں میں ہونے والی ہاتھا پائی اس قدر بڑھ گئی کہ تشدد سے موقع پر ہی ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔یہ واقعہ تھانہ کی حدود سونہن کے گاؤں سکھوا میں پیش آیا۔پولیس افسر نے ایس پی کے حکم پر سخت کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔ تمام گرفتار ملزمان کا تعلق ایک ہی گھر سے ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں لکشمن رام ، امیت رام ، سنت رام اور سنجے رام شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ،ایک فریق کی جانب سے گاٶں کے کھیت میں بکری چرائی جا رہی تھی تب ہی دوسرے فریق کے لوگ لاٹھی ڈنڈے لے کر موقع پر پہنچے اور بکری چرانے پر اعتراض کیا، جس پر دونوں جانب سے تلخ کلامی ہوئی اور دونوں گروپوں میں تنازعہ بڑھ گیا اور پرتشدد تصادم ہوگیا مزید یہ کہ مذکورہ واقعہ میں ایک شخص نے موقع پر ہی دم توڑ دیا،جب کہ 4 افراد شدید زخمی ہوگئے، تمام زخمیوں کو مقامی لوگوں کی مدد سے بھبھوا صدر اسپتال پہنچایا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔