راولپنڈی پیر ودھائی میں دھماکہ، ایک جاں بحق ، 9زخمی

Dec 04, 2020 | 15:10:PM

(24نیوز)پیر ودھائی میں زوردار دھماکا ہوا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور افراتفری مچ گئی۔رپورٹ کے مطابق ایک شخص جاں بحق جبکہ 9زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں پیر ودھائی دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں ،جہاں  زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی اور ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ،جبکہ باقی زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ابتدائی طور پر زخمیوں کی تعداد 9بتائی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی پولیس ترجمان نے بتایا کہ پیر ودھائی تھانے کے قریب کریانہ اسٹور کے سامنے دھماکہ ہوا۔  دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگایا جارہا ہے، تاہم دہشت گردی کے امکان کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔  پولیس کے مطابق دھماکہ رکشہ میں ہوا ہے ،بظاہر رکشہ کی ٹینکی یا گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا ہے۔ ترجمان 1122 نے کہا  کہ دھماکے کی نوعیت کا تاحال علم نہیں ہوسکا۔

مزیدخبریں