(24 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایسا قانون لارہے ہیں جس میں غلط کام کرنے والے افسروں کی پکڑ ہوگی۔
اسلام آباد میں سٹیزن پورٹل کی 2 سالہ کارکردگی کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں حکمران خود کو مطلق العنان سمجھتے رہے ہیں، انگریزوں کے بعد حکمرانوں نے وہی طرز اپنایا، عوام کی خدمت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد حکومت کرنے والوں کی ذہنیت تبدیل نہیں ہوئی، غلاموں کے وہ حقوق نہیں ہوتے جو آزاد شہری کے ہوتے ہیں، ریاست مدینہ دنیا کی پہلی فلاحی ریاست تھی، ریاست مدینہ میں غریبوں اوریتیموں کاخیال رکھاجاتا تھا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈی سی،اے سی یا کوئی تھانیدار عوام سے پیسوں کا مطالبہ کرے تو سٹیزن پورٹل پرنشاندہی کریں،حکومت ازالہ کرےگی، ایسی اصطلاحات لارہے ہیں جوغلط کام کرے گا اس کا تبادلہ نہیں کریں گے، بلکہ اسے نوکری سے فارغ کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 30 لاکھ لوگوں نے سٹیزن پورٹل کا استعمال کیا، سٹیزن پورٹل پرلوگوں نے مختلف اداروں کی نشاندہی کی، میونسپل سے متعلق زیادہ شکایات سے اندازہ ہوتا ہے کہ موجودہ لوکل سسٹم درست نہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم گاوَں کی سطح تک بلدیاتی نظام کے ذریعے اختیارات دیں گے، ایسا نظام لارہے ہیں جس میں لوگوں کے مسائل شہری حکومت ہی حل کرے گی۔عمران خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے بھی سٹیزن پورٹل کا استعمال کیا اور اعتماد کا اظہار کیا، اوورسیز پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ سٹیزن پورٹل پر اپنے مسائل کی نشاندہی کریں۔
شرکا کو پاکستان سٹیزن پورٹل کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ ابتک پورٹل پر ملنے والی 27 لاکھ میں سے 25 لاکھ شکایات کا ازالہ کیا جاچکا ہے،ایک لاکھ سے زائد سمندر پار پاکستان کی شکایات کا بھی ازالہ کر دیا گیا،انچارج سٹیزن پورٹل کے مطابق بغیرسیاسی اثررسوخ کے شکایات کا ازالہ اور عوامی مسائل حل کئے جارہے ہیں۔
غلط کام کرنے والا افسر برطرف ہوگا، وزیراعظم کا اعلان
Dec 04, 2020 | 19:28:PM