(ویب ڈیسک ) اسمارٹ فونز کے ڈسپلے پر کسی ٹوائلٹ سے زیادہ جراثیم ہوسکتے ہیں ۔اسمارٹ فونز کو دن بھر میں لوگ کئی بار چھوتے ہیں جس سے یہ جراثیم جسم میں منتقل ہوسکتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان ڈیوائسز کی صفائی ضروری ہے۔ ایک اسمارٹ فون کو کب صاف کرنا چاہیے؟
ماہرین کے خیال میں روزانہ فون کو صاف کرنا زیادہ بہتر ہوتا ہے اور ایسا ممکن نہیں تو 3 دن میں کم از کم ایک بار ضرور اسے صاف کرلینا چاہیے۔مگر صفائی کے لیے درست طریقہ کار پر عمل کرنا بھی ضروری ہے ورنہ ڈیوائس کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
فون کی صفائی کے چند بہترین طریقے درج ذیل ہیں۔
ڈس انفیکٹ وائپس کا استعمال کریں
فون پر کبھی الکحل محلول کا براہ راست استعمال مت کریں کیونکہ اس سے فون کے ڈسپلے اور دیگر حصوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ الکحل اور پانی کو ملا کر فون کو صاف کیا جاسکتا ہے مگر اس کے لیے دونوں کا تناسب درست ہونا بہت ضروری ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ڈس انفیکٹ وائپس کا استعمال فون کی صفائی کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے کیونکہ آپ کو بس انہیں خریدنا ہوتا ہے اور مزید کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
مائیکرو فائبر کلاتھ کا استعمال
اسمارٹ فون کے استعمال سے اسکرین پر انگلیوں کے نشانات بن جاتے ہیں اور ان کی صفائی کے لیے بہترین طریقہ مائیکرو فائبر کلاتھ کا استعمال ہے۔
اگر اسکرین کو زیادہ صفائی کی ضرورت ہے تو ڈسٹل واٹر میں اس کپڑے کو بھگو کر اسکرین کی صفائی کے لیے استعمال کریں اور پھر خشک کپڑے سے فون کو خشک کرلیں۔
پانی کو براہ راست اسکرین پر ڈالنے سے گریز کریں، اسی طریقہ کار کو فون کے بیک اور سائیڈز کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ٹیپ سے بھی مدد لے سکتے ہیں
مٹی اور دیگر اشیا کے ذرات فون کی چھوٹی پورٹس اور کور کے اردگرد پھنس جاتے ہیں۔
ان کی صفائی کے لیے اسکاچ ٹیپ کے ٹکڑے فون کے چاروں کونوں اور اسپیکرز پر نرمی سے لگائیں۔فون پر چپکے ذرات ٹیپ میں منتقل ہوجائیں گے، پورٹس کے اندر صفائی کے لیے ٹوتھ پک کو نرمی سے استعمال کریں۔
واٹر ریزیزٹنٹ فون کو کیسے صاف کریں؟
اگر آپ کا فون واٹر ریزیزٹنٹ ہے اور اس کی ریٹنگ آئی پی 67 یا اس سے زیادہ ہے تو انہیں 3 فٹ پانی میں 30 منٹ تک ڈبویا جاسکتا ہے، جو فون کی صفائی کے لیے بھی بہترین ہے۔
پانی میں بھگونے کے بعد فون کو خشک اور نرم کپڑے سے خشک کریں، خاص طور پر اسپیکرز اور تمام پورٹس کو لازمی خشک کریں۔
البتہ واٹر ریزیزٹنٹ ریٹنگ آئی پی 67 سے کم ہو تو بہتر ہے کہ اوپر درج طریقوں میں سے کسی کا استعمال کریں۔