سندھ کے یوم ثقافت پر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے نیک تمنائیں اور پیغامات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں آج سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کا دن انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
سندھ کے مختلف شہروں میں یوم ثقافت کے حوالے سے مختلف پروگرام اور ریلیاں نکالی گئیں۔
سندھ ثقافت کی ماں موئن جو دڑو ہے: وزیر خارجہ بلاول بھٹو
بلاول بھٹو نے سندھ ثقافت کے حوالے سے جاری اپنےبیان میں کہا ہے کہ سندھ کی اجرک، ٹوپی، موسیقی، روایتی کھانے منفرد پہچان رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا ثقافتی تنوع اس کی خوبصورتی اور طاقت ہے۔ دنیا بھی اس پر متفق ہے کہ ثقافتی تنوع انسانیت کا مشترکہ ورثہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ثقافت، آرٹ اور ادب کو فروغ دینا پیپلز پارٹی کا منشور ہے۔ پاکستانی نوجوان اپنی ثقافت کو دنیا بھرمیں اجاگر کرنے کیلئےکردار ادا کریں۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا پیغام
وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھی کلچرل ڈے پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سندھ کی ثقافت دنیا کی قدیم ترین ثقافتوں میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت میں اجرک، ٹوپی کے خوبصورت رنگوں کے ساتھ محبت اور احترام موجود ہے، قوموں کے لباس، کھانے، انداز، اظہارِ محبت ثقافتی اعتبار سے ان کو معتبر بناتا ہے، سندھی ثقافت کے رنگوں نے پوری دنیا میں محبتیں سمیٹی ہیں۔
سینیٹر شیری رحمٰن کی مبارکباد
سینیٹر شیری رحمٰن نے سندھ کی ثقافت کے دن پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اجرک والی شرٹ پہنے تصویر شیئر کر دی۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ سندھ ثقافت اور تہذیب کا مرکز ہے، ہمیں سندھ کی تاریخ، ثقافت اور تہذیب پر فخر ہے۔
وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا پیغام
وزیرِ توانائی سندھ امتیاز شیخ نے سندھی ثقافت کے دن پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سندھ کے ثقافتی دن پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ضروری ہے کہ ہم ان تمام چیزوں کی حفاظت کریں جو ہماری ثقافت کا حصہ ہیں۔
امتیاز شیخ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ثقافت لوگوں کی زندگی میں خوشیوں کے رنگ بکھیرتی ہے۔
انسانی احترام سندھی ثقافت ہے: شرجیل میمن
وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے سندھ کے یومِ ثقافت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سندھی ثقافت سندھ کی انسان دوست روایات کو آگے بڑھانے کا نام ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سندھ شاہ لطیف، سچل سرمست اور لعل شہباز قلندر کی دھرتی ہے۔
شرجیل میمن کا مزید کہنا ہے کہ سندھی ثقافت تہذیب اتحاد، محبت اور انسانی احترام کی ثقافت ہے، ثقافت اپنی دھرتی سے جڑے رہنے کا نام ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان کی ثقافت مختلف ثقافتوں کا گلدستہ ہے، سندھی ثقافت اس گلدستے میں نمایاں ہے۔