ون واٹر سربراہی اجلاس، وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد اور فرانسیسی صدر سے ملاقاتیں

Dec 04, 2024 | 00:03:AM
ون واٹر سربراہی اجلاس، وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد اور فرانسیسی صدر سے ملاقاتیں
کیپشن: ر اعظم ون واٹر اجلاس کے موقع پر ملاقاتیں کر رہے ہیں
سورس: 24 News
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)  وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ریاض میں منعقدہ ون واٹر سربراہی اجلاس کے موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود اور  فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے  ملاقات ہوئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق  وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ون واٹر سربراہی اجلاس کے موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے خوشگوار ملاقات ہوئی۔  سعودی ولی عہد نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران پانچویں بار پاکستانی وزیر اعظم سے ملاقات پر اپنی بے حد خوشی کا اظہار کیا۔  انہوں نے کہا کہ یہ حقیقی محبت اور باہمی احترام کا ثبوت ہے جو دونوں ممالک کے عوام کو جوڑتا ہے۔  دونوں رہنماؤں کا اس بات پر اتفاق ہوا کہ پاکستان اور سعودیہ کے لیے اپنے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔  سعودی ولی عہد نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعاون کا فروغ پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کیلئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ 

 دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر عملدرآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔  وزیراعظم نے ولی عہد کا پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا۔  انہوں نے ولی عہد کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔  ولی عہد نے وزیرِ اعظم کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔

دوسری طرف  اجلاس کے موقع پر فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے دو طرفہ ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے ریاض میں ون واٹر سمٹ کی کامیاب مشترکہ میزبانی پر صدر میکرون کو مبارکباد دی۔  موسمیاتی تبدیلی اور ترقیاتی امور پر فرانس کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں صدر میکرون کی پاکستانی عوام کے لیے بھرپور حمایت کو سراہا۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور فرانس کے مابین زراعت، لائیو سٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارتوں میں ترقی اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس روابط کے ذریعے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان فرانس تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

 وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی طور پر مفید اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور فرانس کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع بالخصوص موسمیاتی موافقت اور قابل تجدید توانائی سے استفادہ حاصل کرنے کی دعوت دی۔  دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام علاقائی اور عالمی مسائل کے حوالے سے روابط کو مزید فروغ دینے کی مشترکہ خواہش کا بھی اعادہ کیا۔