دورہ جنوبی افریقہ،ٹیسٹ سکواڈ میں محمدعباس کی واپسی،فخر زمان پھر نظر انداز  

سفیان مقیم ون ڈےٹیم میں بھی شامل ،شاہین آفریدی وائٹ بال میچزکےلئے منتخب،نسیم شاہ ٹی ٹونٹی کا حصہ نہیں ہونگے

Dec 04, 2024 | 11:24:AM
دورہ جنوبی افریقہ،ٹیسٹ سکواڈ میں محمدعباس کی واپسی،فخر زمان پھر نظر انداز  
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24  نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے دورہ جنوبی افریقہ کیلئےسکواڈز کا اعلان کردیا،دورے میں3 ٹی 20، تین ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے،اوپنز  بیٹر فخر زمان کو پھر ڈراپ کر دیا گیا جبکہ ٹیسٹ فارمیٹ میں محمد عباس کی واپسی ہو ئی ہے ۔

بابر اعظم کو محمد رضوان، صائم ایوب اور سلمان علی آغا کے ساتھ تینوں سکواڈز میں شامل کیا گیا ہے جبکہ نسیم شاہ کو ٹیسٹ اور ون ڈے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف آخری 2 ٹیسٹ میچوں سے باہر رہنے والے شاہین شاہ آفریدی کو ان کے ورک لوڈ مینجمنٹ کے حصے کے طور پر وائٹ بال میچوں کے لئے منتخب کیا گیا ہے تاکہ وہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لئے اپنی بہترین فٹنس اور فارم میں ہوں۔

ٹیسٹ ٹیم میں فاسٹ باؤلر محمد عباس کی بھی واپسی ہوئی ہے جنہوں نے آخری بار اگست 2021 میں جمیکا میں کھیلا تھا۔ 25 ٹیسٹ میچوں میں 90 وکٹیں حاصل کرنے والے عباس نے قائد اعظم ٹرافی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ میچوں میں 31 وکٹیں حاصل کیں۔

نسیم شاہ کو انگلینڈ کے خلاف آخری 2ٹیسٹ میچوں سے باہر رہنے کے بعد چار رکنی فاسٹ بولر میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ نومبر 2019 میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے اب تک 19 ٹیسٹ کھیلنے والے 21 سالہ  سپنر ایبٹ آباد میں جاری قائد اعظم ٹرافی میچ میں پشاور کے خلاف لاہور وائٹس کی جانب سے اب تک 4 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

سرڈان بریڈمین کی 77 سال پرانی ٹیسٹ بیگی گرین کیپ 7 کروڑ روپے میں نیلام

 زمبابوے کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد قومی ٹی20 ٹیم جمعہ 6 دسمبر کو جنوبی افریقہ روانہ ہوگی جبکہ ون ڈے اور ٹیسٹ کھلاڑی 13 دسمبر کو جوہانسبرگ روانہ ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی بھی 13 دسمبر کو جوہانسبرگ پہنچیں گے جہاں وہ پری ٹیسٹ سیریز کیمپ کی نگرانی کریں گے۔

دورہ جنوبی افریقہ کے لیے ٹیسٹ  سکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، حسیب اللہ(وکٹ کیپر)، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد عباس، محمد رضوان(وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، نعمان علی، صائم ایوب اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔

ون ڈے سکواڈ میں محمد رضوان (کپتان اور وکٹ کیپر)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، حارث رؤف، کامران غلام، محمد حسنین، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم، طیب طاہر اور عثمان خان شامل ہیں۔

ٹی20 اسکواڈ میں محمد رضوان (کپتان اور وکٹ کیپر)، ابرار احمد، بابر اعظم، حارث رؤف، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، محمد حسنین، محمد عرفان خان، عمیر بن یوسف، صائم ایوب، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم، طیب طاہر اور عثمان خان(وکٹ کیپر) شامل ہیں۔