تحریک عدم اعتماد یا لانگ مارچ۔۔؟ پی ڈی ایم آج سرجوڑ کر بیٹھے گی

Feb 04, 2021 | 09:12:AM

(24نیوز)حکومت کو 31 جنوری تک ازخود مستعفی ہونے کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد  اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگاجس میں حکومت مخالف اہم فیصلے متوقع ہیں۔اجلاس میں شرکت  کے لئے رہنما ن لیگ سیکریٹریٹ پہنچنا شروع ہو گئے۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہی اجلاس میں  پیپلز پارٹی کی تحریک عدم اعتماد کی تجویز  اور  ن لیگ  کے لانگ مارچ ، دھرنوں ،استعفوں کے آپشن سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اجلاس میں سینیٹ الیکشن کی حکمت عملی پر بھی غور ہوگا۔

واضح رہے کہ اجلاس سے  قبل  سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان  اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا ۔ذرائع کے مطابق نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان  کو لانگ مارچ ، استعفوں اور دھرنے کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرادی ہے۔علاوہ ازیں  مریم نواز  نے بھی مولانا فضل الرحمان  سے اہم ملاقات  کی ، جس میں  پی ڈی ایم سربراہی اجلاس کے ایجنڈے پر بات چیت کی گئی اور آج ہونے والے پی ڈی ایم اجلاس کے حوالےسے حکمت عملی بھی طے کی گئی۔

مزیدخبریں