راولپنڈی ٹیسٹ : بابراعظم کی ذمہ دارانہ بیٹنگ،پاکستان کی پوزیشن مستحکم

Feb 04, 2021 | 09:12:AM

(24نیوز) ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کرنے کا مشن،راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان  نے  جنوبی افریقہ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنالئے ہیں ،بارش کے باعث کھیل کو کچھ دیر کیلئے روک دیا گیا ہے۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم قومی ٹیم کا اوپننگ بیٹنگ آرڈر ایک بار پھر ناکام ثابت ہوا اور عمران بٹ 15 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جبکہ عابد علی بھی صرف 6 رنز بنا کر چلتے بنے۔ سابق کپتان اظہر علی نے کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی۔

 ٹاپ آرڈر کی ناکامی اور 22 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بابراعظم اور فواد عالم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا۔ اس دوران کپتان بابراعظم نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ بارش سے پہلے بابراعظم 77 اور فواد عالم 42 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے،ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جنوبی افریقہ کے خلاف بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔

 ٹاس جیتنے کے بعد قومی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ  ایک صفر کی برتری کے باوجود مہمان کھلاڑیوں کو آسان نہیں لیں گے۔ کوشش کریں گے اچھا آغاز کریں، وکٹ بیٹنگ کیلئے سازگار لگ رہی ہے۔ دوسری جانب پروٹیز کپتان نے کہا کہ وکٹ پر تھوڑی گھاس ہے، ابتدا میں باولرز کو مدد ملے گی۔خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

مزیدخبریں