(24نیوز)کوٹ لکھپت جیل میں قید مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی طبیعت اچانک بگڑ گئی جس کے بعد انہیں فوری طور پر لاہور کے کینسر ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو انمول کینسر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پٹ اسکین کئے جائیں گے۔طبی ٹیسٹوں کی رپورٹس آنے کے بعد شہباز شریف کو ہسپتال میں داخل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے اور ہسپتال و اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
واضح رہے کہ شہباز شریف کو ماضی میں بلڈ کینسر کا مرض لاحق رہا اور وہ لندن میں بھی زیرعلاج رہے ہیں۔ عدالتی حکم پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی سربراہی میں اسپیشل میڈیکل بورڈ لیگی صدر کا علاج کر رہا ہے جبکہ شہباز شریف کے ذاتی معالجین بھی انمول ہسپتال میں موجود ہیں۔یاد رہے کہ لیگی صدر شہباز شریف نیب کے منی لانڈرنگ ریفرنس میں گرفتار ہیں اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہیں۔