(24نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ تحاریک سے حکومتیں نہیں جاتیں، ہم نے 126 روز دھرنا دیا،جو بول رہے ہیں استعفے دیں گے وہ اپنے فیصلوں پرٖ غور کریں گے۔ فضل الرحمان کو سینیٹ انتخابات میں حصہ لینا چاہیے تاکہ جمہوریت مضبوط ہو۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ سیاست بند گلی میں داخل ہونے کا نام نہیں، پی ڈی ایم لانگ مارچ یا عدم اعتماد تک نہیں جائے گی۔وزیراعظم چاہتے ہیں ووٹوں کی خرید و فروخت نہ ہو،اوپن ووٹنگ میں اپوزیشن کو حصہ لینا چاہیے، روز ایسے مواقع نہیں آتے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا غصہ کافی حد تک کم ہوا ہے۔ہم وہی کریں گے جو پی ڈی ایم کرے گی، کوشش ہے ایسا ہی رویہ رکھیں جیسا پی ڈی ایم کے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج پر رکھا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان چاہتے ہیں ممبر میں جرات ہو وہ سینہ تان کر ووٹ دے سکے، سینٹ الیکشن مارچ میں ہوں گے، سینٹ انتخابات جمہوریت کو مزید مضبوط کریں گے۔انہوں نے کہا جمہوریت کو طاقت مذاکرات سے ملتی ہے۔جو مذاکرات کے دروازے بند کرتے ہیں وہ جمہوریت کو ڈی ریل کرتے ہیں، بالآخر سیاست میں مذاکرات کرنے پڑتے ہیں۔جو بول رہے ہیں استعفے دیں گے وہ اپنے فیصلوں پرٖ غور کریں ۔