کورونا کا خطرہ ، قطر نے نئی پابندیاں لگادیں

Feb 04, 2021 | 14:45:PM

( 24نیوز) قطر نے کورونا وائرس کی دوسرے لہر کے پیش نظر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق قطر نے کورونا وائرس کے اضافے کے بعد نئی پابندیوں سے متعلق 32 نکاتی پلان جاری کردیا جس میں دفاتر میں 80 فیصد حاضری کی ہدایت دی گئی ہیں اور ساتھ ہی شادیوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے تاہم آؤٹ ڈور شادیوں کےلئے چند شرائط کے بعد اجازت دی جائے گی۔قطر میں کورونا وبا کے لئے قائم نیشنل ہیلتھ اسٹریٹیجک گروپ کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ کا کہنا تھا کہ قطر میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے مریضوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور خدشہ ہے کہ دوسری لہر خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔  ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ دسمبر کے مقابلے میں جنوری کے دوران ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں میں 85 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور سب سے زیادہ خطرے کی بات آئی سی یو میں بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ اگلے چند دنوں کے ریکارڈ کے بعد صورتحال واضح ہوگی۔

قطر کی وزارت صحت نے گزشتہ روز کورونا کے 396 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد قطر میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 52 ہزار 491 ہوگئی ہے جبکہ کورونا سے 249 اموات بھی ہوچکی ہیں۔

مزیدخبریں