( 24 نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن نے 70 کروڑ روپے کی لاگت سے سیلاب متاثرین اور ملک بھر میں ڈیڑھ لاکھ نادار خاندانوں میں ونٹر پیکج تقسیم کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے بتایا کہ ملک گیر سیلاب کے باعث گلگت بلتستان، جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ شدید سردی کے باعث بچے، خواتین اور بزرگوں میں بڑے پیمانے پر بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بھی ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن نے اِسی ضرورت اور اہمیت کے پیش نظر سردیوں کے آغاز سے ہی ونٹر پیکج کی تقسیم کا آغاز کیا اور ترجیحاََ سیلاب متاثرہ علاقوں کمبل، گرم چادریں، جیکٹ، سویٹر، جرسی، دستانے، گرم جرابیں اور گرم ٹوپیاں تقسیم کیں۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن کے مطابق الخدمت کی ونٹر پیکج مہم میں ملک کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک سے بھی مخیر حضرات اور رفاعی اداروں نے مدد کی ، اس کے علاوہ الخدمت رضا کاروں نے تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم کا آغاز بھی کیا تاکہ عام افراد اپنی مدد آپ یا الخدمت جیسے رفاعی اداروں کی مدد سے سیلاب متاثرین تک گرم کپڑے، لحاف اور بستر پہنچا سکیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کی ونٹر پیکج تقسیم کا مقصد سیلاب متاثرین کو سردی کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے بچانا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے بعد بحالی و تعمیر نو کے حوالے سے تعمیر وطن پروگرام جاری ہے اور ہم متاثرین کی مکمل بحالی تک اپن کی مدد کے لیے کوشاں رہیں گے۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے سینئر منیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی کے مطابق ونٹر پیکج تقسیم الخدمت فاؤنڈیشن کے سماجی خدمات پروگرام کا حصہ ہے، الخدمت فاونڈیشن ونٹر ڈرائیو کا آ غاز ہر سال ستمبر کے مہینے سے کر دیتا ہے اور یہ سلسلہ مارچ کے آخر تک جاری و ساری رہتا ہے، ناگہانی آفات سے متاثرہ علاقوں کے ساتھ ساتھ الخدمت ملک بھر میں نادار افراد کے لیے ونٹر پیکج تقسیم کے پروگرامات کا انعقاد کرتی ہے ،جس میں الخدمت کے رضاکار منظم اور مربوط نظام کے تحت چھان بین کے بعد ترجیحاََ بیوہ خواتین، یتیم نادار اور معذور افراد کی فہرستیں تیار کرتے ہیں، جنہیں کوپن جاری کرنے کے بعد پروگرامات میں دعوت دی جاتی ہے۔
خاص طور پر برف میں پھنسے ہوئے دیہاتوں میں، جہاں کوئی گاڑی جانا ممکن نہیں وہاں الخدمت کے رضاکار پیدل چل کر ونٹر پیکج پہنچانے کا اہتمام کرتے ہیں ، اِس کے علاوہ الخدمت کے رضاکار فٹ پاتھ پر سونے والے مزدوروں، ٹھیلے یا ریڑھی لگانے والوں اور مزدوروں کو بھی جیکٹ،لحاف، بستر اور گرم چادریں فراہم کرنے کا اہتمام کرتی ہے۔