(حسنین محی الدین ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے ورچوئل جلسے میں عمران خان کا خطاب کیسے چلایا گیا، کیا عمران خان نے وہ بیان جیل سے ریکارڈ کروایا تھا ؟ اہم سوالات کے جوابات خود ان کے ڈیجیٹل میڈیا ہیڈ نے بتا دیئے ۔
تفصیلات کے مطابق نجی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا ٹیم کے ہیڈ جبران الیاس کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس ورچوئل جلسے میں چلنے والا عمران خان کا بیان در اصل ان کا خط تھا جو انہوں نے جیل سے لکھا تھا , جبران الیاس نے مزید بتایا کہ ہم یہ جلسہ آن لائن کر رہے تھے لیکن پی ٹی آئی کا کوئی بھی جلسہ خان صاحب کے بغیر مکمل نہیں ہوتا، یہاں ہمیں یہ مناسب نہیں لگ رہا تھا کہ ہم میں سے کوئی خان صاحب کے نوٹس پڑھے تو ہمارے ذہن میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے ان کی آواز کلون کرنے کا خیال آیا۔
جس کیلئے انہوں نے ’’الیون لیبز ‘‘نامی ٹیکنالوجی کمپنی کے اے آئی ٹول کا سہارا لیا، یہ ایک مشکل مرحلہ تھا جس میں ہم خان صاحب کی آواز کا 100فیصد کلون نہیں بنانا چاہتے تھے کیونکہ پھر وہ بعد میں ڈیپ فیک وغیرہ کے لیے بھی استعمال ہو سکتا ہے، اس کے لیے ہمیں بہت محنت کرنی پڑی۔