(24نیوز)احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا، حکومت کی نواز شریف کا پاسپورٹ منسوخ میں زیادتی دلچسپی ہے،2018 والی پوزیشن پرجانےکیلئےنئی حکومت کوکم سے کم 5 سال لگیں گے۔
ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت جھوٹے مقدمے بنانے کی پی ایچ ڈی کر چکی ہے۔100روز سے قید شہباز شریف پر ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے لندن میں پاکستان کے 4 ارب روپے ڈبو دیئے، ان پر مقدمہ کون بنائے گا؟ پاکستان کے زرمبادلہ کا نقصان کون پورا کریگا ؟۔
احسن اقبال نے شیخ رشید پر چڑھائی کرتے ہوئے کہا مچھ میں کان کنوں کو بےدردی سےقتل کیا گیا اور وزیر داخلہ کہہ رہے ہیں دہشتگردی ہونے والی ہے، قوم تیار رہے،بھئی، آپ کس مرض کی دوا ہیں ؟ آپ کا کام ہے دہشتگردی کو روکیں، شیخ رشید کو ملکی سکیورٹی پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا موجودہ حکومت سقوط کشمیر کی ذمہ دار ہے ، ملک میں امن و امان قائم رکھنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ بجلی کی قیمت میں اضافے سے لوگوں کی چیخیں نکل جائیں گی، نااہل حکومت کو گھر بھیجنا 22 کروڑ عوام کی ضرورت ہے۔