( 24نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریاستی ادارے سیاسی دباؤ کے بغیر آزادانہ کام کریں تو قوم کا فائدہ ہوتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے 2019 اور 2020 میں 389 ارب روپے کی ریکوری کی۔ نیب نے 2008 سے 2018 تک صرف 104 ارب روپے ریکور کئے۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے 27 ماہ میں 206 ارب روپے ریکور کئے۔
بدعنوان حکمرانوں کے 10 سالہ دور میں صرف 3 ارب روپے ریکور کئے گئےیہ واضح اشارہ ہے کہ احتساب تب ہوتا ہے جب ادارے آزادانہ کام کرتے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعظم کی سربراہی میں حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں عمران خان نے ایک بار پھر اپوزیشن پر تنقید کی ۔انہوں نے پارٹی ترجمانوں کو اپوزیشن کو ٹف ٹائم دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ پی ڈی ایم فارغ ہوچکی اپنی موت آپ مر رہی ہے۔ حکومت کو پی ڈی ایم سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی پوری تحریک این آر او کے لئے ہے جو میں نہیں دوں گا۔