(24نیوز) تحریک انصاف کی جانب سے بلے کے نشان اور انٹرا پارٹی الیکشن معاملے پر بیرسٹر گوہر علی خان نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے ، پی ٹی آئی کی جانب سے اپیل کل سماعت کیلئے مقرر کرنے کی بھی استدعا کی گئی ،قبل ازیں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے باہر غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ سپریم کورٹ میں چند اہم درخواستوں پر دستخط کرنے آیا ہوں، بلے کے انتخابی نشان کے لئے آج درخواست جمع کروا رہے ہیں، سپریم کورٹ سے درخواست کریں گے ہمیں سنا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے اپنی درخواست میں لکھا تھا یہ اہم ترین معاملہ ہے ، ہماری بھی یہی استدعا ہے کہ سکروٹنی کا وقت ختم ہو رہا ہے ، ٹکٹ تقسیم کرنا ہے، کوشش ہے جلد سے جلد یہ کیس لگے، اللہ کرے بلے کا نشان ملے ہمیں امید ہے۔
خیال رہے کہ آج لاہور ہائیکورٹ نے بھی تحریک انصاف سے بلے کا نشان واپس لینے کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیدی۔