پشاور: لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ، ڈپٹی کمشنر سمیت 5 افراد زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)امن کوششوں کو دھچکا، لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود زخمی ہوگئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پشاور میں لوئر کرم کے علاقے بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، فائرنگ نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود سمیت5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم ذرائع کا بتانا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لوئر کرم کے علاقہ بگن میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
اس حوالے سے مشیرِ اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ کرم بگن میں فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کی حالت خطرے سے باہر ہے، جاوید اللہ محسود کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کرنے کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل ہی کرم تنازع پر فریقین کے درمیان امن معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت ٹل پارہ چنار شاہراہ کو 3 ماہ بعد آج کھولا جانا تھا،اس حوالے سے مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پہلے قافلے میں 75 گاڑیوں کو سکیورٹی حصار میں کرم روانہ کیا جائے گا۔