ہمیں عالمی سطح پر مختلف چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا: ایئرچیف مارشل

Jan 04, 2025 | 12:07:PM
ہمیں عالمی سطح پر مختلف چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا: ایئرچیف مارشل
کیپشن: ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کراچی میں نیوی کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ ہمیں عالمی سطح پر مختلف چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا،جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی کے استعمال کی تربیت ضروری ہے، عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے، عالمی برادری بھارت پر زور دے کہ وہ کشمیر میں مظالم کو بند کرے، غزہ میں انسانی حقوق کی پامالی ہورہی ہے۔

کراچی میں نیوی کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا تھا کہ میں بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے پر شکر گزار ہوں، پاک فضائیہ خطے میں طاقت کے توازن کو مستحکم کررہی ہے، پاکستا ن نیول اکیڈمی دنیا کے بہترین اداروں میں شامل ہے۔

 ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو  نے کہا کہ پریڈ میں ڈسپلن اعلیٰ تربیت کا مظہر ہے، پاس ہونے والے تمام کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان نیوی سمندری حدود کی حفاظت میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے، خطے میں توازن برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، ہمیں تمام درپیش چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے،ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کو تربیتی کورسز کا ضروری حصہ بنا دیا گیا ہے، عالمی سطح پر مختلف چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا، مضبوط معیشت ،مضبوط دفاع کیلئے ضروری ہے، پاکستان کی معیشت اللہ کے فضل سے دن بدن مضبوط ہورہی ہے۔

قبل ازیں پاکستان نیول اکیڈمی میں 122ویں مڈشپ مین ،30 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی جس میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پریڈ کا معائنہ کیا، پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس نے بہترین مارچ پاسٹ کیا اور سلامی دی، پاسنگ آؤٹ پریڈ میں قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔

پاکستان نیوی میں 79 افسران نے کمیشن حاصل کیا جن میں 50 مڈ شپ مین اور 29 ایس ایس سی کورس افسران شامل ہیں، کمانڈنٹ وجاہت جاوید نے پاس آؤٹ ہونیوالے کیڈٹس سے حلف لیا، پاس آؤٹ ہونیوالے 79 کیڈٹس نے پاکستان کی خدمت، وفاداری اور فرائض کی انجام دہی کا حلف اٹھایا۔