( ویب ڈیسک )چین میں خطرناک وائرس کے پھیلاؤ کے باعث پاکستان نے نگرانی بڑھا دی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
پاکستان نے چین میں پھیلنے والے نئے وائرس ہیومن میٹاپینیو وائرس (ایچ ایم پی وی) پر گہری نظر رکھنا شروع کر دی۔
قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق چین میں پھیلنے والے ایچ ایم پی وی وائرس کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ کٹس دستیاب ہیں اور ان کٹس کی مدد سے اس وائرس کی تشخیص کی جا سکتی ہے۔
حکام کے مطابق اب تک پاکستان میں اس وائرس کا کوئی سیمپل ٹیسٹ کے لیے نہیں آیا تاہم بارڈر ہیلتھ سروسز کا عملہ پاکستان آنے والے ہر بیمار یا مشتبہ شخص کا سیمپل وفاقی و صوبائی لیبز کو بھیجتا ہے۔ تاکہ وائرس کی موجودگی کا پتہ چل سکے۔
قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد میں ایچ ایم پی وی وائرس کے بارے میں معاملہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں زیر بحث لایا جائے گا۔ جس کے لیے اجلاس منگل کو طلب کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ چین میں کورونا وائرس کے 5 سال بعد ایک اور نیا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ جس سے نہ صرف چین بلکہ دیگر ممالک میں بھی تشویش بڑھ گئی ہے۔
عالمی ادارہ برائے صحت کی جانب سے فی الحال اس وائرس سے متعلق کوئی ایڈوائزری جاری نہیں کی گئی۔
حکام کے مطابق ایچ ایم پی وی کی علامات کورونا وائرس سے ملتی جلتی ہیں۔ جس میں نزلہ، کھانسی، بخار اور سانس کی تکلیف شامل ہے۔