سڈنی ٹیسٹ: جسپریت بمراہ اچانک ہسپتال پہنچ گئے

Jan 04, 2025 | 19:48:PM

(ویب ڈیسک) بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جسپریت بمراہ آسٹریلیا کے خلاف پانچویں ٹیسٹ کے دوسرے دن لنچ کے بعد انجری کے سکین کے لیے سڈنی گراؤنڈ سے ہسپتال کے لیے روانہ ہوئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق فاسٹ بولر جسپریت بمراہ 5 میچوں میں بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی ہیں، وہ کھانے کے وقفے کے بعد انجری کے سبب سکین کروانے ہسپتال روانہ ہوئے،بمراہ کی انجری سے متعلق کوئی اپ ڈیٹ ٹیم انتظامیہ کی جانب سے جاری نہیں کی گئی ہے۔

 بھارتی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جسپریت بمرا کو کمر کی تکلیف ہے جس کی وجہ سے وہ ایک گھنٹے تک میدان میں بھی نہیں آئے،جسپریت بمراہ سڈنی ٹیسٹ میں مزید بولنگ کریں گے یا نہیں اس سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہےتاہم بھارت کے سابق کپتان سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ بمراہ اگر دوسری اننگز میں بولنگ کرنے کے لیے فٹ نہیں ہیں تو بھارت کے لیے مشکل پیش آسکتی ہے۔

واضح رہے کہ بمراہ نے مارنس لبوشین کو صبح کے سیشن میں آؤٹ کیا اور سیریز میں 13.06 کی اوسط سے 32 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈر اور گواسکر سیریز میں آسٹریلیا کو 2-1 کی برتری حاصل ہے، بھارت کو سیریز برابر کرنے کے لیے سڈنی ٹیسٹ جیتنا لازمی ہے،روہت شرما کو آؤٹ آف فارم ہونے کی وجہ سے ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ان کی جگہ بمراہ ٹیم کی قیادت کررہے ہیں، جسپریت بمراہ کی قیادت میں بھارت نے پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: صائم ایوب6 ہفتے کیلئے کرکٹ سے باہر ہوگئے

مزیدخبریں