امریکی ماڈل بن کر 700 خواتین کو لوٹنے والا نوجوان گرفتار!

Jan 04, 2025 | 20:57:PM
امریکی ماڈل بن کر 700 خواتین کو لوٹنے والا نوجوان گرفتار!
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)امریکی ماڈل بن کر 700 خواتین کو ٹھگنے والا نوجوان گرفتار بھارت میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جو ڈیٹنگ ایپ پر 'امریکی ماڈل' کا روپ دھار کر سیکڑوں خواتین سے پہلے دوستی کرتا اور پھر انہیں بلیک میل کر کے طویل عرصے تک پیسے بٹورتا رہا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 23 سالہ تشار سنگھ بشٹ دن کے وقت اترپردیش کے نوئیڈا علاقے میں ایک نجی کمپنی میں کام کرتا ہے اور رات کو سوشل میڈیا پر ایسا 'امریکی ماڈل' بن کر ظاہر ہوتا ہے جو 'سول میٹ کی تلاش میں' بھارت آیا ہے۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو دہلی کے مشرقی علاقے شکارپور سے گرفتار کیا گیا, رپورٹ کے مطابق دہلی کا رہائشی تشار سنگھ بی بی اے کا حامل ہے اور پچھلے تین برسوں سے ایک نجی کمپنی میں کام کر رہا ہے۔

تشار سنگھ بشٹ نے ایک ایپ کے ذریعے حاصل کیے گئے بین الاقوامی فون نمبروں سے سوشل میڈیا کے مشہور ڈیٹنگ پلیٹ فارمز جیسے بمبل اور سنیپ چیٹ پر پروفائلز بنائیں جن میں خود کو امریکی ظاہر کیا۔

 پولیس کے مطابق اس نے اپنی جگہ برازیل سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کی تصاویر اور اسٹوریز پروفائل پر اپ لوڈ کیں۔

یہ بھی پڑھیں:چین میں والدنے بیٹے کا رشتہ ختم کروا کر اسکی منگیتر سے شادی رچالی

 رپورٹ کے مطابق اس نے جن خواتین کو نشانہ بنایا ان کی عمریں 18 سے 30 سال کے درمیان تھیں اور انہوں نے پروفائل دیکھ کر اس سے دوستی کی۔ تشار خواتین کا اعتماد جیتنے کے بعد انہیں اپنے فون نمبر اور تصاویر بھیجنے کو کہتا جبکہ اپنی جگہ وہ برازیلین نوجوان کی تصاویر بھیجتا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تشار سنگھ بشٹ نے شروع میں لڑکیوں کی جانب سے بھیجی گئی تصویروں اور شارٹ ویڈیوز کو صرف اپنی تفریح کے لیے استعمال کیا مگر بعد میں انہیں بلیک میلنگ کا ذریعہ بنا لیا۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ وہ لڑکیوں کو انہی کی ویڈیوز واپس بھیج کر بلیک میل کرتا تھا اور ماہانہ بنیادوں پر رقوم وصول کرتا تھا۔

 پولیس کے مطابق اگر کوئی خاتون پیسے دینے سے انکار کرتی تو اس کو دھمکی دی جاتی کہ مواد کو انٹرنیٹ پر وائرل کر دیا جائے گا یا ڈارک ویب پر فروخت کر دیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق ملزم نے بمبل پر 500، سنیپ چیٹ اور واٹس ایپ پر 200 سے زائد خواتین کے ساتھ تعلقات قائم کیے اور تقریباً سب سے ہی تصویریں اور ویڈیوز کی شکل میں قابل اعتراض مواد منگوا کر ذخیرہ کیا جو کئی برسوں سے بلیک میلنگ کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔

یہ معاملہ اس وقت بے نقاب ہوا جب دہلی یونیورسٹی کی سیکنڈ ایئر کی طالبہ نے سائبر پولیس اسٹیشن سے رابطہ کیا,اس نے پولیس کو بتایا کہ تشار کے ساتھ نجی چیٹس اور تصاویر کا تبادلہ ہوتا رہا تھا۔

طالبہ کی درخواست کے مطابق "تصاویر دیکھنے کے بعد میں نے ملنے کا کہا تو وہ مسلسل ٹال مٹول کرتا رہا اور پھر میری پرائیویٹ ویڈیو بھیج کر رقم کا مطالبہ کیا۔

 سائبر کرائم حکام کا کہنا ہے کہ شروع میں طالبہ نے دباؤ میں آ کر تھوڑی رقم بھیج دی  تاہم اس کا مطالبہ بڑھتا گیا جس پر اس نے اپنے گھروالوں کو بتایا جنہوں نے رپورٹ کرنے کا مشورہ دیا۔

سائبر پولیس اسٹیشن کے اے سی پی اروند یادیو نے تکنیکی ٹیم کی مدد سے تشار سنگھ بشٹ کی آن لائن سرگرمیاں اور لوکیشن چیک کی اور پھر چھاپہ مارا۔

 ان کا کہنا تھا کہ ملزم کے موبائل اور لیپ ٹاپ سے بڑی تعداد میں دیگر خواتین سے متعلق مواد بھی ملا اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:174 کلو وزن کم کرنے والا سوشل میڈیا اسٹار انتقال کرگیا