وکیل قتل کیس، عمران خان کی 14 روزہ حفاظتی ضمانت منظور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز ) کوئٹہ میں وکیل کے قتل کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کی 14 روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کر لی ۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ سے متعلقہ فورم سے رجوع کے حکم کے بعد عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ نے حفاظتی ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا جہاں سے عمران خان کو بڑا ریلیف ملا ہے، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم کی درخواست پر سماعت کی۔
یہ بھی پڑھیں:پرویز الٰہی کی ایک اور آڈیو منظر عام پر آگئی، کس خاتون سے رابطہ تھا ؟اہم انکشاف
عدالت نے 14 روز کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے اسی عرصہ میں متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم بھی دے دیا ،سماعت کے دوران چیف جسٹس عامر فاروق نے سینئر وکیل لطیف کھوسہ سے مکالمہ کرتے ہوئے پوچھا کہ کوئٹہ کا موسم کیسا ہے، لطیف کھوسہ نے جواب دیا کہ کوئٹہ کا موسم بہت اچھا ہے، عدالت نے عمران خان کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا یہ کیس سپریم کورٹ میں بھی زیر التواء ہے؟لطیف کھوسہ نے جواب دیا کہ سپریم کورٹ میں اخراج مقدمہ کی درخواست ہے۔
عمران خان سے عدالت کا دلچسپ سوال
عدالت نے سابق وزیر اعظم اور چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان سے سوال کیا کہ خان صاحب پیشیاں بھگت بھگت کر تھک تو نہیں گئے ؟ چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب دا کہ ابھی تو میرا سٹیمنا شروع ہوا ہے ، اسٹیبلشمنٹ کیساتھ فی الحال کوئی مذاکرات نہیں ہورہے ،نہ ہی رابطہ ہوا ، چیئرمین پی ٹی آئی کی 50ہزار مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی گئی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ میں کھوسہ صاحب سے بڑا متاثر ہوتا ہوں، میں نے 1993 میں وکالت شروع کی تو کھوسہ صاحب ایسے ہی تھے، میں اب بوڑھا ہو گیا ہوں اور کھوسہ صاحب ویسے ہی ہیں۔