(24 نیوز)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ پر سویڈش پارلیمنٹ کے سپیکر کو خط لکھ دیا۔
خط کے متن میں کہاگیاہے کہ جدید دور میں مقدس شخصیات، صحیفوں اور مذہبی جذبات کی بے حرمتی کی کوئی گنجائش نہیں،اسلام ایک جامع ضابطہ اخلاق ہے،اسلام رواداری، امن، خوشحالی، انسانیت اور محبت کی گہری اقدار کو سمیٹتا ہے، قرآن پاک ایک ہماری مقدس کتاب، ایک لازوال رہنما اور تشدد کی سختی سے حوصلہ شکنی کرتی ہے۔
صادق سنجرانی کا خط کے متن میں مزید کہناتھا کہ قرآن امن کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتا ہے،اسلام ہمیں سختی سے دوسرے مذاہب، پیغمبروں یا مقدس کتابوں کی توہین سے روکتا ہے،آزادی اظہار رائے کی آڑ میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن پاک کی توہین مسلمانوں کو بے پناہ تکلیف پہنچاتی ہے،آزادی اظہار رائے کی آڑ میں توہین سے پہنچنے والی تکلیف کو حقیقت سمجھ کر اس کا اعتراف کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت کو ”ریوس گیئر“ لگ گیا، خریداروں کیلئے آج پھر اچھی خبر
خط میں مزید کہا گیاہے کہ دنیا کو اسلام کے حقیقی مفہوم اور پیغام کو سمجھنے کی ضرورت ہے،ہم نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن پاک کیلئے گہری عقیدت اور محبت رکھتے ہیں،قرآن پاک کی حالیہ بے حرمتی اور ماضی کے دیگر واقعات علم کی کمی اور غلط فہمیوں کی جڑ ہے،اسلام سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کیا جانا ہم سب پر فرض ہے۔
صادق سنجرانی کا مزید کہناتھا کہ ہم پر فرض ہے کہ دوسروں کو افہام و تفہیم، رواداری اور بین المذہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی تعلیم دیں، سویڈن حکومت کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت قابل تعریف ہے، سویڈن حکومت اسلام کے بارے کے میں غلط فہمیوں کو دور کرے۔
چیئرمین سینیٹ کا خط میں مزید کہناتھا کہ علاقائی اور عالمی استحکام کیلئے مختلف عقائد، مذاہب، برادریوں کے مابین رواداری، احترام اور ہمدردی ضروری ہے،اسلام بارے غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے سویڈن خود آسکتا ہوں،ہم باہمی تعاون سے پرامن اور روادار دنیا میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈالر کی قیمت میں کمی کے بعد قرضوں میں کتنی کمی ہوئی؟حیران کن اعدادوشمار سامنے آگئے