(24 نیوز)ڈرامہ سیریل ’جینٹل مین‘کو وہ مقبولیت نہ مل سکی جتنی اس کو بنانے میں محنت کی گئی ۔اب اس ڈرامہ کو نئی زندگی دینے کیلئے ایک اور اوایس ٹی کا سہارا لیا گیا ہے۔ ’تمھاری چپ اور ہمارا لہجہ،کبھی ملیں گے تو بات ہوگی‘ریلیز کردیا گیا ہے۔
جینٹل مین گرین انٹرٹینمنٹ کا پرائم ٹائم ڈرامہ سیریل ہے، جو ہر اتوار کو نشر ہوتا ہے،یہ ڈرامہ ہمایوں سعید کی ہوم پروڈکشن کا ہے،اس ڈرامہ سیریل کی پروڈیوسر ثنا ءشاہنواز اور ثمینہ ہمایوں سعید ہیں،ہدایت کار حسام حسین ہیں اور کہانی خلیل الرحمان قمر نے لکھی ہے،اسٹار کاسٹ میں زاہد احمد، سوہائے علی ابرو، احمد علی بٹ، عدنان صدیقی، ہمایوں سعید، خالد انعم، ثاقب سمیر، فہیمہ اعوان اور یمنیٰ زیدی شامل ہیں،ڈرامہ سیریل کے او ایس ٹی کو عاطف اسلم نے گایا ہے جو شائقین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا۔
ہمایوں سعید اور گرین انٹرٹینمنٹ نے حال ہی میں مداحوں کی درخواست پر جینٹلمین کے ایک اور او ایس ٹی کا ٹیزر ریلیز کیا ہے جو کہ راحت فتح علی خان کی آواز میں ہے۔دوسرے او ایس ٹی کے ٹیزر نے مداحوں کو حیران کیا مگر یہ جان کر خوش دکھائی دیے کہ اسے لیجنڈ راحت فتح علی خان نے گایا ہے،شائقین کامزید کہنا تھا کہ راحت فتح علی خان کی آواز میں سوز ہے یہ ان کی آواز میں گایا ہوا او ایس ٹی اس ڈرامہ کے غمگین اختتام(sad ending) سے منسوب ہے،مداح راحت فتح علی خان کی روح پرور آواز میں او ایس ٹی کے لیے جوش و خروش کا اظہار کر رہے ہیں۔
جنٹلمین کو ہفتے میں دو بار نشر کرنے کے چینل کے اعلان پر مداح بھی تبصرے کر رہے ہیں، یمنیٰ زیدی کے مداح چاہتے ہیں کہ گرین انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ جنٹلمین کی کہانی کو بڑھا دیا جائے تاکہ وہ اس ڈرامہ سے مزید لطف اندوز ہو سکیں۔