کینسر میں مبتلا حنا خان لمبے بالوں سے محروم، دل سوز ویڈیو وائرل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)اسٹیج 3 چھاتی کے کینسر میں مبتلا بھارتی اداکارہ حنا خان اپنی پہلی کیموتھراپی کے بعد لمبے بالوں سے محروم ہوگئیں۔
کینسر میں مبتلا ہر فرد کو ڈاکٹرز اپنے بال کٹوانے کا مشورہ دیتے ہیں جو انتہائی تکلیف دہ مرحلہ ہوتا ہے، اسی مشکل مرحلے سے دوچار حنا خان نے بھی دل سوز ویڈیو جاری کرکے مداحوں کو غمزدہ کردیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ حنا خان نے ویڈیو کلپ جاری کیا جس میں انہیں ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے گھنے لمبے بالوں کو کاٹتے دیکھا گیا،اس مشکل ترین مرحلے میں اداکارہ کی والدہ کی سسکیوں بھری آواز بھی قیامت ڈھاتی معلوم ہوئی جو اپنی آنکھوں کے سامنے بیٹی کو ازیت میں دیکھ رہی تھیں۔
آنکھوں میں آنسو اور چہرے پر جذبات لیے اس پورے لمحے حنا خان کی ہمت اور انکا حوصلہ قابل تعریف تھا جو اپنی والدہ کی بھی ہمت بندھاتی نظر آرہی تھیں۔
دلوں کو پگھلا دینے والی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے طویل نوٹ بھی جاری کیا جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ"آپ میری والدہ کے رونے کی آواز سن سکتے ہیں"۔
حنا خان نے ان تمام خواتین کے حوصلہ کو سراہتے ہوئے لکھا کہ"خاص طور پر خواتین کے لیے جو ایک ہی جنگ لڑ رہی ہیں، میں جانتی ہوں کہ یہ مشکل لمحہ ہوتا ہے ہمارے بال وہ تاج ہیں جو ہم کبھی نہیں اتارتے۔اپنا فخر، اپنا تاج اگر آپ جیتنا چاہتے ہیں تو آپ کو کچھ سخت فیصلے لینے ہوں گے۔"
اداکارہ نے مزید لکھا کہ"میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اس جنگ کو جیتنے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گی, میں نے اپنےخوبصورت بالوں کو گرنے سے پہلے ہی چھوٹے کرنے کا انتخاب کیا۔ میں اس ذہنی خرابی کو ہفتوں تک برداشت نہیں کرنا چاہتی تھی۔ لہذا میں نے اپنے اس تاج کو چھوڑنے کا انتخاب کیا کیونکہ میں نے محسوس کیا ہے کہ میرا اصل تاج میری ہمت، میری طاقت ہے"۔
انہوں نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید لکھا کہ"بال واپس اگیں گے، بھنویں واپس آجائیں گی، نشانات مٹ جائیں گے، لیکن روح پوری طرح برقرار رہے گی۔میں اپنی کہانی، اپنے اس سفر کو ریکارڈ کر رہی ہوں، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ میری کوششیں ہر ایک تک پہنچیں۔ اگر میری کہانی اس دل دہلا دینے والے لیکن پرجوش تجربے کے ایک دن کو بھی کسی کے لیے بہتر بنا سکتی ہے، تو یہ قابل فخر ہوگا"۔
انہوں سے اس دلخراش کیپشن کے اختتام میں مداحوں سے دعا کی درخواست کی ۔