مریم نواز کا گوجرانوالہ میں بھی میٹروبس سروس شروع کرنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
( زاہد اقبال)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گوجرانوالہ کیلئے میٹرو بس سروس سمیت میگا پراجیکٹس کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شیروں کے شہر گوجرانوالہ میں میٹرو بس پراجیکٹ شروع کرنے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے ، ساتھ ہی شہر کی چھوٹی بڑی سڑکوں کی تعمیر ومرمت کا بھی حکم دے دیا ،سرکاری سطح پر پہلا سٹیٹ آف آرٹ کارڈیک ہسپتال بنانے کا اعلان کردیا، جس میں کارڈیک سرجری اور کیتھ لیب بھی فراہم کی جائے گی، پیڈز اور برن یونٹ بھی قائم ہوں گے،اس کے علاوہ شہر میں فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن وہیل کی تعداد بڑھانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔
مریم نواز نے نگار چوک سٹیڈیم کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے اور جلد از جلد تکمیل کی ہدایت کی ہے ، پارکس بنانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کردی، ساتھ ہی گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں کی بیوٹی فیکیشن کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی،واسا کی آپ گریڈیشن ،ڈرین کی صفائی یقینی بنانے کا حکم بھی دے دیا گیا،خواتین کی ہیلپ کے لئے "پنک وہیل " پراجیکٹ شروع کرنے کا حکم دے دیا گیا، پولیس سے متعلق خواتین کی شکایات پر لیڈیز پولیس پنک بائیک پر فوراً پہنچیں گی، مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور اشیا ضروریہ کےنرخ نیچے لانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ دیہات میں باقاعدہ صفائی اور روڈز کی مرمت کی جا رہی ہے، مون سون کے دوران بارش کے پانی کا جلد اخراج یقینی بنایا جائے ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کسی کو بےروزگار نہ کریں،ریڑھی والوں کو منظم طریقے سے روڈ سائڈ پر کھڑا کیا جائے، واٹر فلٹریشن ، سٹریٹ لائٹس فنکشنل اور مین ہول کور لگائے جائیں ۔ گوجرانوالہ میں ڈرگز کے سدباب کے لئے آپریشن جاری رکھا جائے ،انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام میں سبیل اور کھانا حکومت کی طرف سے دیا جائے گا ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کمشنر آفس میں ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات بھی کی، ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو مسائل ، تجاویز اور سفارشات پیش کیں، مریم نواز نے تجاویز نوٹ کیں اور عملدرآمد کے احکامات جاری کیے،انہیں گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر بریفنگ بھی دی گئی اور میسر مونسپل سروسز سے آگاہ کیا گیا ، مریم نواز کو سی ایم اینی شیٹیو پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا، اس کے علاوہ گوجرانوالہ کے عوام کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا ۔