(ویب ڈیسک) حکومت نے وزیر اعظم کی کفایت شعاری مہم پر عملدرآمد شروع کردیاہے ،وفاقی کابینہ کے اراکین کے پٹرول کوٹے میں 40فیصد کٹوتی کی تجویز کے بعداب کابینہ اراکین اور سرکاری افسران کے بجلی گیس اورٹیلی فون بل پر بھی کٹوتی کی تجویز سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اراکین کے پٹرول کوٹے پر 40 فیصد کٹوتی کی تجویز ہے جب کہ تمام وزارتوں کے سرکاری افسران کے پٹرول کوٹے پر بھی کٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،رپورٹ کے مطابق تمام وزارتوں میں تزئین و آرائش پر بھی پابندی کی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع کا بتانا ہےکہ تمام وزارتوں میں افسران کے لیے نئی گاڑیاں لینے پر بھی پابندی کی تجویز ہے۔
واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے بعد سندھ اور پنجاب نے کابینہ اراکین کے پٹرول پر 40 اور کے پی نے 35 فیصد کٹ لگایا ہے۔