عمران خان چپ کرجاؤ اور 2023 کا انتظار کرو، اہم حکومتی وزیر کا معنی خیز مشورہ

Jun 04, 2022 | 18:36:PM

(24 نیوز) وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کے نشتر چلا دیے ہیں۔ 

انہوں نے اپنے ایک بیان میں عمران خان کو چپ کرکے بیٹھنے اور آئندہ سال تک انتظار کا مشورہ بھی دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان شہباز شریف کی کارکردگی سے ڈرتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ شہباز شریف محنت اور کارکردگی سے مہنگائی کے جن پر قابو پالیں گے۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان یہ بھی جانتے ہیں کہ شہباز شریف میں ملکی معیشت ٹھیک کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ 

انہوں نے عمران خان پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک سے جو تعلقات آپ نے بگاڑے وہ بھی شہباز شریف ہی ٹھیک کریں گے۔ 

یہ بھی پڑھیں:سرکاری وسائل کا غلط استعمال، نامناسب بیانات، محمود خان کی کرسی خطرے میں، معاملہ عدالت پہنچ گیا

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو یہ بھی یقین ہے کہ شہباز شریف اگر عہدے پر برقرار رہے تو پاکستان میں سرمایہ کاری واپس آجائے گی۔ 

شہباز شریف نوجوانوں کو بھی بہترین روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے اپنے بیان میں عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ احتساب، ریاست مدینہ، سازش کے بیانیے دفن ہوچکے۔ اس لیے اب عمران خان کا نیا بیانیہ اتحادی حکومت کی ڈیڑھ ماہ کی کارکردگی بن گیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان آپ پہلے اپنی نالائقی، نااہلی، کرپشن اور سیاسی منافقت کا چہرہ آئینے میں دیکھیں اور پھر تقریر کریں۔ ابھی آپ کے لیے مناسب ہے کہ آپ چپ کرکے گھر بیٹھیں اور آئندہ سال تک مزید مسترد ہونے کا انتظار کریں۔ 

مزیدخبریں