بھارتی انتخابات میں متعدد بالی ووڈ اداکار کامیاب

Jun 04, 2024 | 21:44:PM

(24 نیوز )سب سے بڑی جمہوریت کہلانے والی بھارتی ریاست کے عام انتخابات پر دنیا بھر کی نظریں جمی ہیں ، لوک سبھا انتخابات میں جہاں بڑے بڑے بھارتی رہنماؤں نے حصہ لیا، وہیں بالی ووڈ کے مشہور اداکاروں سمیت کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے بھی الیکشن میں اپنی قسمت آزمائیاور بڑے مارجن سے کامیابی بھی حاصل کی۔

 آج تک کے آنے والے نتائج کے مطابق کانگریس اور اس کے اتحادیوں نے 232 جب کہ بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اس کے اتحادیوں نے 293 نشستیں جیتیں،انڈین میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی انتخابات میں ہیما مالنی، شتروگن سنہا، راج ببر، کنگنا رناوٹ اور یوسف پٹھان ،سمیت دیگر معروف شخصیات نے غیر حتمی نتائج کے مطابق کامیابی سمیٹی جبکہ  کرشنا کمار، مکیش، دنیش لال یادیو، رادھیکا سرتھ کمار، اگنی مترا پال، لاکٹ چٹرجی، دیویندرا جھجیا، ارون گوول اورپون سنگھ اپنی اپنی نشستیں ہار گئے۔

انتخابات کے غیر حتمی نتائج کے مطابق کنگنا رناوٹ نے ارونا چل پردیش، شتروگن سنہا نے مغربی بنگال، ہیما مالنی نے اترپردیش جب کہ روی کشن نے بھی اتر پردیش سے کامیابی حاصل کی،وہیں بھارتی سابق کرکٹر یوسف پٹھان بھی مغربی بنگال سے انتخابی سیٹ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔علاوہ ازیں اداکار سریش گوپی کیرالا،اداکار کیرتی آزاد نے مغربی بنگال میں فتح حاصل کی ، واضح رہے بھارتی انتخابات کی دوڑ میں 2700 سے زائد سیاسی جماعتیں اور 8 ہزار سے زائد امیدواروں نے حصہ لیا اور کئی بڑے ناموں کو شکست کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ میں 90 روز کیلئے اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد

مزیدخبریں