(24نیوز)چئیرمین سینٹ کیلئے صادق سنجرانی اور یوسف رضا گیلانی کے درمیان بڑا مقابلہ ہونے کا امکان ، دونوں امیدوار جیت کےلئے پرامید ہیں۔
سینٹ میں تحریک انصاف26 نشستوں کیساتھ سب سے بڑی جماعت بن گئی۔ پیپلزپارٹی دوسری، مسلم لیگ ن تیسری جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی چوتھے نمبر پر ہے۔ایوان بالا میں نئی پارٹی پوزیشن کے مطابق حکمران اتحاد کو کل 47 ارکان جبکہ اپوزیشن اتحادکو53 ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی ، سینٹ چئیرمین شپ کیلئے صادق سنجرانی اور یوسف رضا گیلانی کے درمیان کانٹے دارمقابلہ ہونے کا امکان ہے۔سینٹ انتخابات کے بعد 100ارکان کے ایوان بالا میں کل جماعتوں کی تعداد13ہوگئی، تحریک انصاف نے18نئی نشستیں حاصل کی جس کے بعد ان کی کل 26 نشستیں ہوگئیں، پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا سے 10، پنجاب سے 5، سندھ سے 2 جبکہ اسلام آباد سے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔
پیپلزپارٹی نے سندھ میں 7نشستوں اور اسلام آباد ایک نشست پر کامیابی حاصل کی اس طرح اس کی ایوان میں کل20 نشستیں ہوگئیں۔ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب سے 5 نشستیں حاصل کیں، ن لیگ18 نشستوں کے ساتھ سینٹ میں تیسری بڑی جماعت بن گئی۔ بلوچستان عوامی پارٹی6 نئی نشستیں جیت کر ایوان بالا میں 12 نشستوں کے ساتھ چوتھی بڑی جماعت بن گئی۔