(24نیوز) مقبول اداکارہ صبا حمید نے کہا ہے کہ عوام کے مزاج کے مطابق ڈرامے بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پاکستان کی اداکارہ صبا حمید نے ڈراموں پر کی جانے والی تنقید سے متعلق کہا ہے کہ ڈراما تباہ نہیں ہوا بلکہ اس میں تبدیلی آئی ہے۔صبا حمید نے کہا کہ انہیں ایسے الفاظ کے استعمال پر اعتراض ہے جو یہ کہتے ہیں کہ 'آج کا ڈراما تباہ ہو گیا ہے'۔جب لوگوں کی اتنی بڑی تعداد ڈراموں کو دیکھ رہی ہے تو پھر تباہی کیسی؟اداکارہ کا کہنا تھا کہ کچھ لکھاری اچھا لکھ رہے ہیں، کچھ تھوڑا کم اچھا لکھ رہے ہیں، کچھ کہانی کو اچھے انداز میں بیان کرتے ہیں جبکہ کچھ ایسا نہیں کرپاتے۔
صبا حمید نے مزید کہا کہ بعض اوقات اسکرپٹ میں خرابی ہوتی ہے تو یہ نہیں کہا جاسکتا کہ اگر ڈراما اچھا نہیں بن رہا تو اس کا ذمہ دار لکھاری ہے اور اسی نے ڈراما تباہ کردیا۔ دنیا بھر میں لاکھوں اربوں روپے کے بجٹ سے ڈرامے اور فلمیں بنتی ہیں اور وہ سب تو اچھی نہیں ہوتیں، بہت محنت کے بعد بھی کوئی پراجیکٹ ناکام ہو جاتا ہے۔صبا حمید نے کہا کہ اب ڈپارٹمنٹ بڑے ہوگئے ہیں اور تو کوئی خاص فرق نہیں پڑا، عوام کے مزاج کے مطابق ڈرامے بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے لہذا اسے تباہی نہ کہا جائے۔