(24نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور ان سے قومی و داخلی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں افواج پاکستان کے پیشہ وارانہ اور آپریشنل امور پر بھی بات چیت ہوئی جس پر وزیر اعظم نے اطمینان کا اظہار کیا ۔یوم پاکستان کے موقع پر 23 مارچ کی مشترکہ پریڈ کے انعقاد کے فیصلے کو بھی وزیر اعظم نے سراہا اور کہا کہ کورونا کیسز میں کمی کے باعث اس قسم کی قومی سرگرمیوں اور تقاریب کا انعقاد خوش آئند ہے۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا جبکہ افغانستان میں قیام امن کیلئے کوششوں کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا ۔
آرمی چیف نے پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن روابط اور سیز فائر معاہدے پر عملدرآمد کویقینی بنانے سے متعلق بھی آگاہ کیا جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ضروری ہے ،ملاقات کے دوران ڈی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے ۔
وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات۔۔ڈی جی آئی ایس آ ئی بھی موجود
Mar 04, 2021 | 14:30:PM