امریکی کانگریس پر سفید فام انتہاپسندوں کے حملے کا خدشہ ۔ایوان نمائندگان کا اجلاس ملتوی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز )امریکی کانگریس کی عمارت کیپٹل ہل پر حملے کے خدشے کے باعث ایوانِ نمائندگان کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ۔
کیپٹل پولیس نے خبردار کیاہے کہ سفید فام انتہاپسندوں (ملیشیا گروپ) کی جانب سے کانگریس کی عمارت پر حملے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے. ایوانِ نمائندگان میں پولیس ریفارمز بل پر بحث اور ووٹنگ ہونا تھی تاہم کیپٹل پولیس کے انتباہ کے بعد یہ اجلاس اب نہیں ہو سکے گا ۔ہاس ڈیموکریٹک مشیر کا کہنا ہے کہ پولیس کا انتباہ خفیہ معلومات کی بنا پر جاری ہوا ہے جس کے مطابق معلوم ملیشیا گروپ سکیورٹی کےلئے خطرہ بن سکتا ہے اور اسی بنا پر ایوان کی طے شدہ کارروائی کے حوالے سے منصوبہ بندی تبدیل کی گئی ہے.
پولیس کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹ کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور کیپٹل کی سکیورٹی کی سلسلے میں مقامی، ریاستی اور وفاقی ایجنسیوں کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔
یاد رہے کہ امریکہ میں کیپٹل ہل کی عمارت کو جمہوریت کی علامت تصور کیا جاتا ہے جہاں ایوانِ بالا اور ایوانِ زیریں یعنی ایوانِ نمائندگان موجود ہیں۔کیپٹل پولیس کے قائم مقام چیف یوگانندا پٹمین نے 25 فروری کو سینیٹ کی ایک کمیٹی میں پیش ہو کر اپنی گواہی کے دوران کہا تھا کہ6 جنوری کو کیپٹل پر حملہ کرنے والے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے اشارہ دیا ہے کہ وہ عمارت کو اڑانا اور کانگریس ارکان کو قتل کرنا چاہتے ہیں.،کیپٹل ہل پر حملے کے بعد سے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر عمارت کے اطراف امریکی فوج کے ریزرو اہلکار نیشنل گارڈز کی بڑی تعداد موجود ہے جب کہ مختلف مقامات پر رکاوٹیں بھی رکھی گئی ہیں ۔