(24 نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا وزیراعظم عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران صاحب روئیں، چیخیں ماریں یا پیٹیں یوسف رضا گیلانی جیتے چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب جو اعتماد کھو چکے ہیں، وہ کس سے واپس مانگ رہے ہیں۔ عمران صاحب آج غیرت اور جرات کا مظاہرہ کرتے استفیٰ دیتے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب نے آج ادھار کی کرسی پہ بیٹھ کر خطاب کیا ۔عمران صاحب جن کو بکائو مال کہہ رہے ہیں ان سے ہی اعتماد کا ووٹ لیتے شرم آنی چاہئے۔ وہ آپ کو کھوئے ہوئے اعتماد کا ووٹ نہیں دیں گے ۔اپنے ہی ارکان کو چور کہتے ہیں، پھر انہی چوروں سے اعتمادکا ووٹ بھی لیں گے؟ کوئی شرم؟کوئی حیا؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نے حفیظ شیخ کے ہارنے کا غصہ اپوزیشن، الیکشن کمیشن اور پاکستان کے عوام پر نکالا ۔عمران صاحب رٹے رٹائے خطاب کے ڈرامے چھوڑیں، سامان باندھیں اور قوم کی جان چھوڑیں ۔قوم نے ہارے ہوئے شخص کا ہارا ہوا خطاب سنا ،وہ کون سی جمہوریت ہوتی ہے جس میں ووٹ چوری کرکے سلیکٹڈ وزیراعظم قوم پر مسلط کردیاجائے ؟
انہوں نے مزید کہا کہ اربوں روپے میں سینٹ کے ٹکٹ بیچ کر عمران صاحب نے قوم کو ایمان داری کا لیکچر دیا ۔کروڑوں روپے بانٹ کر چیئرمین سینٹ کا الیکشن اور 2018 کا الیکشن چوری کر کے عمران صاحب کو پیسہ چلانے کا خیال آگیا واہ بھئی واہ۔
قوم کو عمرا ن خان کا آخری خطاب مبارک ہو، مریم اورنگزیب
Mar 04, 2021 | 22:05:PM