(ویب ڈیسک)پشاور میں قصہ خوانی بازار کی کوچہ رسالدار مسجد میں دھماکے سے اب تک 30 افراد کے شہید ہونے کی تصدیق ہوئی ہے،عینی شاہد نے سارا قصہ بتا دیا۔
پولیس نے مسجد میں ہونے والے دھماکےکے خودکش ہونے کی تصدیق کی ہے۔جائے وقوعہ پر موجود عینی شاہد نے بتایا کہ کالے لباس میں ملبوس خودکش حملہ آور نے پہلے سکیورٹی اہلکاروں پر 5 سے 6 فائر کیے اور پھر تیزی سے مسجد کے اندر داخل ہوا اور خود کو اڑا دیا۔
عینی شاہد نے کہا کہ خودکش حملہ آور نے خود کو منبر کےسامنے اڑایا اور دھماکے کے بعد مسجد کے ہال میں ہر طرف انسانی اعضا پھیل گئے۔
عینی شاہد کا کہنا تھا کہ مسجد کے ہال میں 12 لاشیں دیکھی، لاتعداد زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا، دھماکے کے وقت پورا ہال بھرا ہوا تھا، یہ واقعہ تقریباً 12 بجکر 55 منٹ پر پیش آیا اس وقت مسجد پوری بھری ہوئی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسی علاقے میں چار روز پہلے بھی ایک گھر پر دستی بم حملہ ہوا تھا جس پر ہم نے سکیورٹی بڑھانے کا کہا تھا لیکن سکیورٹی کا کوئی نام و نشان نہیں، جمعہ کے روز بھی کوئی سکیورٹی نہیں ہوتی۔
عینی شاہد کا کہنا تھاکہ ریسکیو ٹیمیں دیر سے پہنچیں، زخمیوں کو موٹر سائیکلوں پر ہسپتال پہنچایا، تنگ گلیوں کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پشاورجامع مسجد میں خود کش دھماکا، وزیر اعظم نے رپورٹ طلب کرلی