(24 نیوز) پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے دوران گرفتاری دینے والے رہنماؤں اور کارکنوں کو مختلف جیلوں سے رہا کر دیا گیا۔ اسد عمر کو راجن پور، شاہ محمود قریشی کو اٹک، مراد راس کو ڈی جی خان اور اعظم سواتی کو رحیم یار خان جیل سے رہا کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ جیل راجن پور کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں نے اسد عمر سمیت دیگر رہا ہونیوالے کارکنوں کا استقبال کیا۔ راجن پور جیل سے اسد عمر سمیت لاہور کے 24 اور سرگودھا کے 59 کو رہا کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کی زیر قیادت حقیقی آزادی کی جنگ جاری رہے گی۔
سرگودھا جیل سے فیاض الحسن چوہان، زلفی بخاری سمیت 6 رہنما رہا کئے گئے۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے رہائی ملنے پر رہنماؤں کا استقبال کیا۔ مراد راس کی سنٹرل جیل ڈیرہ غازی خان سے رہائی کے موقع پر حنیف پتافی، زرتاج گل اور دیگر پی ٹی آئی رہنما موجود تھے۔ رہائی پانے والوں میں پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے راجہ خرم زمان بھی شامل ہیں۔
لیہ جیل سے سینیٹر ولید اقبال، زبیر نیازی، اعظم خان سمیت نظربند پی ٹی آئی کے 24 رہنماؤں کو رہا کیا گیا۔ سابق صوبائی وزیر رفاقت گیلانی، ضلعی صدر بابر کھیتران، اویس جکھڑ سمیت دیگر نے استقبال کیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کا دعویٰ تھا کہ کارکنوں کی گرفتاریوں سے جیلوں میں جگہ کم پڑ جائے گی لیکن ایسا کچھ بھی دیکھنے کو نہیں ملا اور لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر پی ٹی آئی کے نظر بند تمام رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
واضح رہے گرفتاری دینے والوں کو پنجاب بھر کی مختلف جیلوں میں منتقل کیا گیا تھا۔