ہیٹی میں مسلح گروہوں کا جیل پر حملہ، 4 ہزار قیدی فرار ,4 پولیس اہلکار ہلاک

Mar 04, 2024 | 08:26:AM

(24 نیوز)کیریبین ملک ہیٹی کے دارالحکومت پورٹ او پرنس کی مرکزی جیل پر مسلح گروہوں کے حملے کے بعد 4 ہزار قیدی فرار ہوگئے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق جیل توڑ کر بھاگنے والے ملزمان میں گینگ کے وہ ارکان بھی شامل ہیں جن پر 2021 میں صدر جوونیل مویس کے قتل کا الزام ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حالیہ تشدد میں اضافہ جمعرات کو اس وقت شروع ہوا، جب وزیراعظم ایریل ہنری نے کینیا کی زیر قیادت ملٹی نیشنل سیکیورٹی فورس کو ہیٹی بھیجنے پر بات چیت کے لیے نیروبی کا سفر کیا۔

وزیراعظم کے کینیا کے دورے پر ’پورٹ او پرنس‘ کے گینگ لیڈر جمی چیریزیر نے انہیں عہدے سے ہٹانے کے لیے ایک مربوط حملے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا کی جانب سے غزہ میں پہلی بار فضا سے امدادی سامان پھینکا گیا

رپورٹ کے مطابق جیل پر حملے کے دوران فائرنگ میں 4 پولیس اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ہیں، ہیٹی میں فرانسیسی سفارت خانے نے شہریوں کو دارالحکومت اور اس کے آس پاس سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ہیٹی پولیس نے اپنے تمام افسران سے درخواست کی ہے کہ وہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مدد فراہم کریں، اگر حملہ آور کامیاب ہوگئے تو شہر میں مزید ڈاکو بڑھ جائیں گے جس سے سب کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

مزیدخبریں